نیب اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر کے طلب کر رہا ہے، فرح گوگی کا چیئرمین نیب کو خط


اسلام آباد(صباح نیوز) عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوست فرح خان عرف گوگی سمیت 10 افراد نے اپنے وکیل کی وساطت سے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ نیب اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر کے طلب کر رہا ہے، میرے وکلا نیب میں پیش ہوئے تو انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا، نیب ڈی جی کو پابند کریں کہ وہ دائرہ اختیار سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ دیں۔

نیب لاہور نے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان گوگی، شوہر احسن جمیل گجر اور دیگر افراد کیخلاف انکوائری شروع کررکھی ہے اور ان افراد کو بار بار نیب کی جانب سے طلبی نوٹس بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔ فرحت شہزادی عرف فرح گوگی نے نیب میں حاضر ہونے کے بجائے اپنے وکیل کی وساطت سے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا ہے، خط لکھنے والوں میں دیگر افراد بھی شامل ہیں۔

خط میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ نیب اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے ہمیں طلب کر رہا ہے، نیب لاہور کو انکوائری کے دائرہ اختیار سے متعلق متعدد خطوط لکھے، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ خط میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میرے وکلا جواب لے کر نیب لاہور پیش ہوئے تو انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا، چیئرمین نیب ڈی جی کو پابند کریں کہ وہ دائرہ اختیار سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ دیں۔ فرح گوگی کا اصل نام فرحت شہزادی ہے،

انہیں فرح خان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ فرح گوگی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی انتہائی قریبی دوست ہیں۔ فرح گوگی پر الزام لگایا جاتا ہے کہ تحریک انصاف کے دور اقتدار میں وہ مبینہ طور پر بشری بی بی کی فرنٹ مین تھیں، اس کے علاوہ ان پر پنجبا میں مرضی کی تقرریوں اور تبادلوں کے لیے عثمان بزدار کی حکومت پر دبا ئوڈالنے کا بھی الزام ہے۔