یاسین ملک کی جان کو مودی حکومت سے خطرہ، عالمی ادارے نوٹس لیں، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر چیئرمین یاسین ملک پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی فاشست مودی حکومت کی جانب سے یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ یاسین ملک کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے کشمیری رہنما یاسین ملک کی جان بچانے کی اپیل کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے بھارت کے خلاف کارروائی کریں۔