امریکا کا پاکستانی بچوں کیلئے کرونا ویکسین کی 16 ملین خوراک عطیہ کرنے کا اعلان


واشنگٹن(صباح نیوز) امریکا نے پاکستانی بچوں کے لیے کرونا ویکسین کی 16ملین ڈوز دینے کا اعلان کر دیا۔ واشنگٹن میں پہلے پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ کے انعقاد کے موقع پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کو بچوں کے لیے کرونا ویکسین کی 16ملین خوراک عطیہ کرے گا۔

ترجمان نے کہا امریکا پاکستان کو 4.6ملین ڈالر کی 4موبائل ٹیسٹنگ لیب بھی دے گا، ہیلتھ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی مثال ہے. ڈائیلاگ دوطرفہ تعلقات کی وسعت کو اجاگر کرتا ہے۔

واشنگٹن میں پہلے پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ کا انعقاد امریکی محکمہ خارجہ میں ہوا جس میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی، سفیر مسعود خان بھی ڈائیلاگ میں موجود تھے جبکہ امریکی وفد کی قیادت اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر یو ایس ایڈ اتل گاوندے نے کی، یو ایس ڈپارٹمنٹ ہیلتھ اینڈ سروس کے معاون سیکرٹری لوئس پیس بھی موجود تھے۔

ہیلتھ ڈائیلاگ میں فریقین نے مختلف شعبوں میں مشترکہ اہداف تک پہنچنے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیا۔ ڈائیلاگ شعبہ صحت میں تعاون برقرار اور مضبوط کرنے کے لیے ایک فریم ورک ہے، ڈائیلاگ میں پاکستانی سی ڈی سی کے قیام، حفاظتی ٹیکوں، کرونا وبا، غیر متعدی امراض پر گفتگو کی گئی۔