امپورٹڈ حکومت کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل بریک کی حکومت تھی، آخری سانسیں چل رہی ہیں، عمران خان دو تہائی اکثریت لے کر اقتدار میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر ادارے ان پر اعتبار نہیں کرتے، آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ کر انکے تمام مطالبات مان لیے گئے، ہم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے تھے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا کردیئے گئے، اب انہیں مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کرپشن چھپانے کیلئے این آر او دیا، قانون کی بالادستی، اداروں کو فعال کرنا عمران خان کا ایجنڈا ہے، یہ اقتدار میں سیاہ کاریاں چھپانے کیلئے آتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ پر دبائو ڈالنے کی ناکام کوشش کی گئی، دھونس، دھمکیوں سے ججز کو بلیک میل کی کوشش کی جاتی ہے، ان کا پروڈکشن ہائوس بھی ہے جو ویڈیوز سے بلیک میل کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ آئے توعدالت اچھی ہوجاتی ہے اور اگر فیصلہ ان کے خلاف آئے تو ججز کو دبائو میں ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔