ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف کیس، پیپلز پارٹی نے فریق بننے کی درخواست دائر کردی


اسلام آباد(صباح نیوز)پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب پر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے فریق بننے کی درخواست جمع کروائی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کی اتحادی جماعت ہے، جمہوریت اور عدلیہ کے لیے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس میں باضابطہ فریق بنایا جائے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف پرویز الٰہی کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ سماعت آج کرے گا۔