عمران خان کا پراجیکٹ ناکام ہوچکا ، لانچ کرنے والے پریشان ہیں،سعد رفیق


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کا پراجیکٹ ناکام ہوچکا ہے ، لانچ کرنے والے بھی پریشان ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارا کیس ایک ہی ہے ہم پاکستان کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے بڑوں نے انگریزوں اور ہندوئوں سے لڑ کر پاکستان بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کو کیا پتہ کہ یہاں حقوق کی خلاف وزری ہوگی جو بات کرتا ہے اس پر چور ڈاکو کا الزام لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس لئے لایا گیا کہ بے نظیر اور نواز شریف کے چہرے اچھے نہیں لگتے تھے جبکہ ہم آئین اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا پراجیکٹ ناکام ہوچکا ہے جبکہ اس کو لانچ کرنے والے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اربوں روپے کے پراجیکٹ لگائے ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا، ہم پر ذاتی حملے کئے گئے، ہم نے عدم اعتماد لاکر کوئی گناہ کیا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ کیا آئین عدم اعتماد کی اجازت نہیں دیتا ؟ عدالت آئین کو دوبارہ سے لکھ نہیں سکتی، آئین کو پارلیمنٹ لکھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے خلاف مختلف ٹرینڈز چلائے جارہے ہیں ، ان کو پیسے کون دے رہا ہے؟ ۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان فرد واحد نے فیصلے نہیں کرنے، آئین اور قانون کے مطابق چلنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے خلاف عدم اعتماد نہ آتی تو ای وی ایم میشن کے ذریعے انہیں اکثریت دلوانا تھا، من پسند افراد کی تقرریاں کرنی تھیں۔