کرپٹ لوگوں نے ملک کو 75برسوں سے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ نصر اللہ رندھاوا


اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا، قرآن و سنت کے اصولوں کو اپنا کرہی ملک میں ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، مافیاز اور کرپٹ لوگوں نے ملک کو 75برسوں سے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ بار بار حکومت کرنے والے عوام کو کارکردگی بتائیں، حکمران جواب دیں کہ پاکستان میں ساڑھے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم کیوں ہیں؟ لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں اور پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں،

انھوں نے کہا 35برس سے تین پارٹیاں مسلسل اقتدار میں ہیں، عوام کو بتایا جائے کہ گھنٹوں لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے، عوام حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور جاگیرداروںاور وڈیروں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دارقیادت کا انتخاب کریں تاکہ اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی زون 3کے بلد یاتی امیدوارن اور ناظمین یو سی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔نصر اللہ رند ھاوا نے کہا ملکی مسائل کا علاج اسلامی نظام میں ہے، جماعت اسلامی معاشرہ کی تشکیل اسلامی اصولوں پر کرنا چاہتی ہے تاکہ ہماری سیاست، ادارے اور معیشت ٹھیک ہو جائے اور ہر انسان کو اس کے گھر کی دہلیز پر حقوق ملیں، جماعت اسلامی کے ارکان ،کار کنان اور بہی خواہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد میں تیزی لائیں،انھوں نے کہا سودی نظام کے ہوتے ہوئے ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، ہم معیشت کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنا چاہتے ہیں۔