بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔نوید قمر


راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر تجارت مخدوم نوید قمر نے  کہا ہے کہ  بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے ایس ایم ایس سیکٹر کے مسائل حل کرانا ہماری اولین ترجیح ہوگی تاجروں کی مشکلات اور تجاویز پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے مایوس نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت مخدوم نوید قمر نے آل پاکستان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے وفدسے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔و فد کی قیادت آل پاکستان چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے گروپ لیڈر میاں ظفر اقبال نے کی۔ ملاقات میں چوہدری شفیق انجم صدر فیصل آباد،شیخ آصف ادریس صدرچیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری راولپنڈی،زاہد قریشی صدر اسلام آباد،واصف مجید جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی سجاد سرور،محمد نواز مندوری ملتان،رضوان سابق صدر مردان،محمد تاج ایگزیکٹو ممبر راناقیوم اور دیگر شامل تھے۔

گروپ لیڈر نے وفاقی وزیر تجارت مخدوم نوید قمر کو ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 میں ترمیم سمیت ایس ایم ایز سیکٹر کو درپیش مسائل سمیت ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق تفصیل آگاہ کیا۔ وفد نے وزیر تجارت کو تجویز دی کہ لوکل ٹریڈرز انڈسٹری کو بڑھانے اور اس میں بہتری لانے کیلئے مراعات دی جائیں تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جا سکے امپورٹڈ گڈز شپ منٹ پورٹس سے آئی تھیں ان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے پر ہم وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرکے مشکور ہیں۔

وفاقی وزیر مخدوم نوید قمر نے بزنس کیمونٹی اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوے کہا کہ ان مسائل کو حل کرانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ملک بہت جلد مشکلات سے نکلے گاحکومت تاجروں کو مایوس نہیں کرے گی۔ گروپ لیڈر اور وفدکے دوسرے اراکین نے تفصیل سے مسائل سننے پر وفاقی وزیر تجارت مخدوم نوید قمر کا شکریہ ادا کیا۔