سپریم کورٹ بار کے سابق صدور کا نظر ثانی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوانے کا مطالبہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پانچ سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان عمرعطابندیال سے مشترکہ مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نظر ثانی کی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوایا جائے، سابق صدور سپریم کورٹ بار نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر ایک ساتھ فیصلہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پانچ سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان  عمرعطابندیال سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نظر ثانی کی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوایا جائے اور اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر یکجا فیصلہ کیاجائے۔ یہ مطالبہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق صدور عبدالطیف آفریدی، محمد یسین آزاد، فضل حق عباسی ، کامران مرتضی اور سید قلب حسن نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان  عمر عطا بندیال سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب اور آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے بارے میں سپریم کورٹ میں زیرالتواسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نظر ثانی کی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوایا جائے تاکہ ان اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر ایک ساتھ فیصلہ کیاجائے۔