بد ترین سیاسی و معاشی بحران کے حل کے لیے فوری “کل جماعتی کانفرنس “بلائی جائے


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کے سینئر صحافی طارق عثمانی نے ملک کی ابتر سیاسی اور معاشی صورتحال پر فوری طور تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل “کل جماعتی کانفرنس ” بلا کر بگڑتی سنگین سیاسی اور معاشی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور فوری حل کی تجویز دی ہے ،

صدر مملکت عارف علوی کو لکھے گئے ایک خط میں طارق عثمانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ سیاسی ، معاشی اور اقتصادی پریشان کن صورتحال سے ملک کے سنجیدہ اور فکر مندطبقات میں گہری تشویش پائی جاتی ہے، پاکستان اس وقت کثیر الاجہتی داخلی بحرانوں کا شکارہے ، جس کی بنا پر پوری پاکستانی قوم سخت تذبذب کا شکارہے۔

طارق عثمانی نے اپنے اس خط میں زور دیا ہے کہ موجودہ پولیٹیکل سیٹ اپ میں کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کو ان داخلی بحرانوں سے نکالنے اور آپس میں مل بیٹھ کر سیاسی مسائل کا حل تلاش کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے انہوں نے صدر عارف علوی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ آپ وفاق کے آئینی سربراہ ہیں میری تجویز ہے کہ آپ سربراہ ریاست کے طور پر آگے آئیں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کروفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو پاکستان کے داخلی سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کے لئے اپنا آئینی اور کلیدی کردار ادا کریں تاکہ پاکستان ان داخلی بحرانوں سے باہر نکل سکے.

طارق عثمانی نے کہا کہ اگر فوری اس سنگین بگڑتی ہوئی سیاسی اور اقتصادی صورت حال کو ایڈریس نہ کیا گیا تو خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی معاشرے میں مزید بگاڑ ، سیاسی انتشار ،عدم برداشت اور معاشی بدحالی کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں رہے گا، انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ میری اس تجویز کو سنجیدہ لیتے ہوئے اپنا آئینی کردار ضرور ادا کریں گے اور اس سلسلے میں ایوان صدر اپنی ایک کوشش ضرور کرے گا۔