یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں علامتی بھوک ہڑتال


اسلام آباد،لندن ( صباح نیوز)نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں کے علاوہ لندن میں بھارتی سفارتخانے اور برمنگھم میں بھارتی کونسل خانے کے باہر تین روزہ بھوک ہڑتال  کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری  رہا۔

محمد یاسین ملک نے اپنے خلاف جعلی مقدمات اور غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائی کے خلاف جمعے سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے  ۔ یاسین ملک نام نہاد ٹیرر فنڈنگ کے ایک من گھڑت مقدمے میں کینگرو عدالت کے حکم پر عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ یاسین ملک اپنے خلاف مقدمات کا منصفانہ ٹرائل اورانہیں ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کا موقع دینے  کا مطالبہ کر رہے ہیں

۔مرکزی ترجمان لبریشن فرنٹ محمد رفیق ڈار کے جاری بیان کے مطابق قائد انقلاب و محبوس چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے گذشتہ روز سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپوں میں اضافہ ہوا،اسلام آباد میں پارٹی کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان اور وائس چیئرمین سلیم ہارون کا گذشتہ روز سے جاری مکمل بھوک ہڑتال دوسرے بھی جاری رہا۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں موسم کی خرابی کے باوجود لبریشن فرنٹ کے مرکزی، زونل و مقامی قیادت علامتی بھوک ہڑتال کے طور پر کیمپ میں شامل رہے جبکہ اظہار یکجہتی کے طورپر دیگر جماعتوں کے علاوہ سول سوسائٹی سے وابستہ اشخاص نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپنی حاضری دی۔

ترجمان کے مطابق سٹی کوٹلی میں ممبر سپریم کونسل ملک اسلم، ضلع صدرابرار افتخاراورغازی ساجد بخاری کی قیادت میں جاری بھوک ہڑتالی  کیمپ بڑے جوش و جذبے کے ساتھ دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں مقامی آبادی کے علاوہ پارٹی کے متعدد رہنماوں اور کارکنان نے شرکت کی۔۔ لال چوک مظفرآباد میں راجہ عاصم رزاق کی قیادت میں بھوک ہڑتال شروع کی گئی جس میں لبریشن فرنٹ اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے متعدد کارکنان اور نوجوان شریک ہیں ۔

ترجمان کے مطابق کراچی میں بھی بعد از نماز جمعہ کراچی پریس کلب کے باہر یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سندھ ڈویژن کے زیر اہتمام علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کا آغاز ہواہے جس میں منور حسین، شہزاد خان، امجد حبیب، مبارک ایڈووکیٹ، ریاض خان، سردار زاہد، حماد، سفیر یونس، ہمایوں مظفر شریک ہوئے جموں کشمیرلبریشن فرنٹ برطانیہ کے زیر اہتمام جمعہ کو برطانیہ کے دارالخلافہ لندن میں بھارت کے سفارتخانے کے علاوہ برمنگھم میں بھی بھارتی قونصل خانے کے سامنے بھوک ہڑتال شروع ہوگئی ہے جس میں مرکزی و زونل قائدین سمیت پارٹی کے متعدد کارکنان شریک ہوئے۔

برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے منعقد ہونے والا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ مشترکہ طور پر جسٹس فار جموں کشمیر کے پلیٹ فارم سے ہو رہا ہے جبکہ لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے منعقد بھوک ہڑتالی کیمپ خالصتا” جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے قائم کیا گیا ہے ،محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر جموں  کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے منعقدہ سہ روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ آج ہفتہ اختتام کو پہنچ رہا ہے۔کیمپ میں پارٹی کے قائم مقام چئیرمین راجہ حق نواز خان اور وائس چئیرمین سلیم ہارون  جولائی سے مکمل بھوک ہڑتال پر ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں ضلعی سطح کے علاوہ کراچی اور لاہور سمیت لندن، برطانیہ اور برسلز میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہیں۔اسلام آباد کیمپ میں بھوک ہڑتال کی اختتامی تقریب ہفتہ  دن  تین بجے منعقد ہوگی