پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی اقتدار کی خاطر ہو نے والی لڑائی نے ملک کی معیشت اور سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ڈالر کی بلند پرواز جاری ہے اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ملکی کرنسی آنے والے دنوں میں اپنا وجود ہی کھو دے گی۔ معیشت، سیاست اور معاشرت میں تباہی کی ذمہ داران ماضی اور موجودہ حکومتیں ہیں،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی اقتدار کی خاطر ہو نے والی لڑائی نے ملک کی معیشت اور سا  لمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے ،انھوں نے کہا ملک میں کئی ماہ سے اقتدار کے حصول کے لیے تماشا لگا ہوا ہے اور عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں مگر انھیں کو ئی فکر نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے الفلاح ہال میں منعقدہ پبلک سیکرٹریٹ میں آنے والے شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے مکمل دور ہو گئیں، اگر ایک طرف لوڈشیڈنگ ہے تو دوسری جانب بجلی کے فی یونٹ نرخ آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں، آئی ایم ایف سے ڈیڑھ ارب لینے کے عوض حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت 40روپے تک لے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں ،

انھوں نے کہا غریبوں پر بجلی گرانے کی بجائے حکمران اشرافیہ، سول و ملٹری بیوروکریسی، ججز، اراکین اسمبلی کو سبسڈی کی مد میں اربوں روپے کی مراعات اور مفت بجلی کی فراہمی ختم ہونی چاہیے۔،حکومت پٹرول ،ڈیزل اور گیس کے نرخ سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں35سے 50فیصد کم کریں، میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، عوام ووٹ کی طاقت سے کر پٹ عناصر سے نجات حاصل کریںاور اہل و ایمان دار قیادت کا انتخاب کر کے کرپشن فری اسلامی پاکستان کی بنیاد رکھے۔