سیاست میں خریدو فروخت کے دھندے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے،رانا ثناء اللہ


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں خریدو فروخت کے دھندے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ہارس ٹریڈر عمران خان دوسروں پہ الزام لگا رہا ہے ۔ووٹ خریدنے والا عمران خان دوسروں پر الزام لگارہا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں کھلے عام پیسے بانٹتے پکڑے گئے، ویڈیوز موجود ہیں۔عمران خان نے آزادجموں وکشمیر کے الیکشن میں وفاداریاں اور ضمیر خریدے ۔سینیٹ کے الیکشن میں پیسے بانٹتے عمران خان پکڑا گیا، ویڈیوز موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ارکان کی وفاداریاں خریدیں، جہاز بھربھر کر ارکان کی خریدوفروخت کرتے پکڑے گئے ۔الزام لگانے سے اور جھوٹ بولنے سے تمہارا سیاہ دھندہ نہیں چھپ نہیں سکتا۔