ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گجرات میں چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ،6زخمی


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، گجرات میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق اور میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہلکی بارش ہوئی ،موسم خوشگوار ہو گیا ،اس کے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں، کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، بادل برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

لاہور کے بیشتر علاقوں میں رات سے ہی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا، شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 185 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔جیل روڈ پر 56، ایئرپورٹ 156، گلبرگ میں 60، لکشمی چوک میں 126، اپر مال 98، مغلپورہ 141 اور نشتر ٹائون میں 101 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ادھر گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر 2 بچیاں جان کی بازی ہار گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔