الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ شازیہ عطا مری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کوپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔

اپنے بیان میں شازیہ عطا مری نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں جبکہ اس غیر ممنوعہ اکاونٹس سے حاصل کردہ فنڈنگ پر ملک کو انتشار کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرکے فارن فنڈنگ کیس دبانے کی کوشش کر رہے اور وہ بی آر ٹی، مالم جبہ اوربلین ٹری کیس میں عدالتی حکم امتناعی کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

شازیہ مری نے سوال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے چوری نہیں کی تو تلاشی دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ اور عمران خان کا کردار چور مچائے شور کے مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی خواہش پر ملک کو تختہ مشق بننے نہیں دینگے اور عمران اینڈ کمپنی نے چار سال کی نااہلی اور نالائقی سے ملک کو اس جگہ پہنچایا ہے اورملک کی معیشت اب تجربوں کی متحمل نہیں ہے۔