نیپرا، ٹیرف میں 7روپے91پیسے فی یونٹ بڑھانے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ


اسلام آباد (صباح نیوز) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7روپے91پیسے فی یونٹ بڑھانے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

نیپرا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا اور نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لئے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گا۔

نیپرا کے مطابق وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک سمیت تمام ڈیسکوز کے لئے بجلی کا بنیادی ٹیرف یکساں وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مختلف مراحل میں سات روپے91پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست دائر کی تھی۔جولائی کے لئے بجلی تین روپے50پیسے فی یونٹ ، اگست کے لئے بھی تین روپے 50پیسے اوراکتوبر کے لئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91پیسے فی یونٹ بڑھانے کی درخواست کی گئی تاہم لائف لائن اور پروٹیکٹڈ کیڈیگری کے صارفین پر یہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا۔ نیپرا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔

دوران سماعت پاور ڈویژن حکام نے قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے بتایا کہ لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ ٹیرف میں اضافہ کے باوجود حکومت 220ارب روپے کی سبسڈی دئے گی۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے سے 50فیصد صارفین پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ٹیرف میں تاخیر کے بیانات دیئے جارہے ہیں، حکومت سیاسی بنیادوں پر پروٹیکٹڈ صارفین کو بچانا چاہتی ہے اور اگر حکومت یہ کرنا چاہتی ہے تو سوبسم اللہ حکومت کرے۔

پاور ڈویژن حکام نے دوران سماعت بتایا کہ ری بیسنگ کے بعد پروٹیکٹڈ صارفین کا بل کم آئے گا۔ دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے کہا کہ عالمی منڈی میں فیول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ، تین سال قبل درآمدی کوئلہ 50ڈالر فی ٹن تھا جو اب400ڈالر تک پہنچ چکا ہے اور فیول لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا۔