جموں و کشمیر کے عوام مودی فاشزم کا شکار ہیں،لیاقت بلوچ


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے مسلمان اور مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام مودی فاشزم کا شکار ہیں، حالات انسانی تصورات سے بھی زیادہ ابتر ہیں۔

آزاد کشمیر کے سہ روزہ دورہ پر روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہندو فاشزم، ہندو دہشت گردی خود ہندوستان کے وجود اور سلامتی کے لئے بھی خطرناک ہوچکی ہے۔ گائے ماتا کی بنیاد پر فساد، خاتم النبیین حضرت محمدۖ کی شان میں توہین پر مبنی دہشت گردی او ربلڈوز ٹیررازم پر عالمی قوتیں چپ کا تالا توڑیں۔ انسانی حقوق کی پامالی پر آواز سنیں اور بھارت کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کا پابند بنانے کا اقدام کیا جائے، وگرنہ ہندوستانی فاشزم کی وجہ سے 5 ارب انسانوں کا خطہ بدامنی، تباہی، جنگ اور بھوک و افلاس کا شکار رہے گا۔

لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں فلسطینی طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن کا دورہ مشرقِ وسطی صرف اور صرف اسرائیلی صیہونیت کو بالادست بنانے کے لئے تھا۔ بائیڈن مکمل کامیاب نہیں ہوئے لیکن عالمِ اسلام کے لیے خطرات کی نئی گھنٹیاں بج گئی ہیں۔ اتحادِ امت، عالمِ اسلام کے مفادات کیلئے مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اسلامی انسانی غیرتِ ایمانی کی ترجیحات پر متحد ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے سے کشمیر سے دستبرداری اور سودے بازی پر مہر لگ جائے گی۔ اسرائیل امریکی چھتری تلے حاصل کردہ قوت قاہرہ کو بیدردی سے استعمال کررہا ہے۔ پاکستان کی قومی قیادت کرسی، شدت اور انتہا پسندی کے ایسے بکھیڑے میں الجھ گئی جس سے اندرونی اور بیرونی محاذ کو مسلسل پسپائی کا سامنا ہے۔ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے بعد آئندہ کے چیلنجز پر تجزیہ اور لائحہ عمل کے لیے مجلسِ قائمہ سیاسی امور کے زیر اہتمام پنجاب شمالی، وسطی اور جنوبی کے قائدین کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا۔ 25 جولائی بروز پیر منصورہ لاہور میں اجلاس ہوگا۔ جماعتِ اسلامی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں اپنی خدمات، قیادت اور کارکنان کی انتھک، بے لوث محنت کا شاندار ثمر حاصل کرے گی۔ کراچی مِنی پاکستان اور ہمہ گیر مسائل کا شکار ہے، جماعتِ اسلامی ہی کراچی کے مسائل کے حل اور کراچی میں اسلامی وحدت، یکجہتی اور ہمہ پہلو اعتماد پیدا کرنے کا مضبوط پلیٹ فارم ہے۔