قائم مقام چیئرمین نیب نے پی اے سی اختیارات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردئیے


اسلام آباد(صباح نیوز) قائم مقام چئیرمین نیب ظاہر شاہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اختیارات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا ،منٹس آف میٹنگ کی کارروائیوں کو کالعدم قرار دیا جائے،  رجسٹرار آفس نے درخواست  اعتراضات کے ساتھ کل (بدھ) سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے،

ڈی جی نیب شہزاد سلیم اورطیبہ گل کی کیس میں فریق بننے کی درخواستوں پر سماعت بھی آج ہوگی،قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ  عامر فاروق تمام درخواستوں پر سماعت کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دی گئی درخواست میں قائم مقام چئیرمین نیب ظاہر شاہ  نے موقف اختیار کیا ہے کہ 24 جون کو کمیٹی نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا۔ کمیٹی نے نیب افسران کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی تھیں اور سابق چیئرمین جاوید اقبال کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے پی اے سی کے میٹنگ منٹس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں سیکرٹری پارلیمانی امور، سیکرٹری قومی اسمبلی، چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پبلک اکاونٹس کمیٹی  اور  ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک اکاونٹس کمیٹی کو فریق  بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 24 جون 2022 کو پبلک اکاونٹس کمیٹی نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا ہے۔ عدالت 7 جولائی 2022 کے منٹس آف میٹنگ کی کارروائیوں کو کالعدم قرار دے۔ عدالت اپنے آئینی دائرہ اختیار کے تحت پبلک اکانٹس کمیٹی کو کسی بھی کارروائی سے روکے۔

دوسری جانب قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ کی درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ کل (بدھ) سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ  عامر فاروق  اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔ ڈی جی نیب لاہور میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی طلبی کے خلاف درخواست کے معاملے میں ہراسگی کے الزامات لگانے والی خاتون طیبہ گل کیس میں فریق بننے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں،

  انہوں نے عدالت میں باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔  اسلام آباد ہائی کورٹ ڈی جی نیب لاہور کی درخواست پر بھی آج ہی سماعت کرے گی۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کر رکھی ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق  درخواست  پر سماعت کریں گے۔