ملتان(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔پنجاب میں انتخابات صاف اور شفاف ہوئے،ضمنی انتخابات کے انعقاد اور نتائج کے بعد پی ٹی آئی کو اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہئے ،
بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لے کر مشاورت کی گئی۔ انہوں نے یہ بات چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہائبرڈ اجلاس بلاول ہاوس کراچی میں ہوا،جس میںپارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی،جبکہ یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ویڈیو لنک کے زریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لے کر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اتحادی جماعتیں مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گی، پنجاب میں 20 سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوئے جو پی ٹی آئی کی تھیں، اس نے 15 سیٹیں جیت لیں اور اپنی ہی پانچ سیٹیں ہار گئی۔ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے بہت اچھی مہم چلائی، ہم 20 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کو مکمل سپورٹ کر رہے تھے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں صاف و شفاف الیکشن ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد کرایا، الیکشن کے انعقاد اور نتائج کے بعد پی ٹی آئی کو اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہئے۔
حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،پیپلزپارٹی سی ای سی اجلاس میں فیصلہ
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی(سی ای سی)اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔زیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عمران خان جیت کر بھی ہار گئے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف الیکشن کمیشن ، مسٹر ایکس، وائے اور قوم سے معافی مانگیں، اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں پیپلزپارٹی بھی شریک ہوگی،عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو شہبازشریف کو ہٹائیں۔ یہ بات انھوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،جس میں پنجاب میں ضمنی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صوررتحال سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ، پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی،جبکہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
موجود صورتحال پر(منگل) لاہور میں اتحادی جماعتوں کااجلاس ہوگا جس میں پیپلز پارٹی بھی شریک ہو گی۔ شرجیل میمن نے مطالبہ کیا کہ عمران خان فوری طور پر الیکشن کمیشن ، مسٹر ایکس اور وائے اور اس قوم سے معافی مانگیں۔ اس الیکشن میں عمران خان جیت کر بھی ہار گئے ہیں۔ عمران خان واحد شخص کو جس کو آئینی طریقے سے ایوان سے نکالاگیا، ان کا اقتدار صرف ایک دھوکہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اس ملک میں جو مہنگائی ہے وہ عمران خان کی وجہ سے ہے،
جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، اس معاہدے پر عمل اس حکومت کو کرنا پڑا۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے وعدے کرکے ملک میں مہنگائی کی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہباز شریف کو آئینی اور قانونی طور پر اکثریت حاصل ہے،عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو اسمبلی میں آئیں اور شہبازشریف کو ہٹائیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے، پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئیسولیشن میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرے گی۔