اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں کو درپیش آپریشنل مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ کو معاشی ترقی میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ملاقات میں خام مال کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور انڈسٹری کو درپیش سیلز ٹیکس ری فنڈ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کو درپیش مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔مفتاح اسماعیل نے متعلقہ حکام کو فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے خدشات دور کرنے کے لئے مطلوبہ اقدامات کی ہدایت دی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں کو درپیش آپریشنل مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔شاہد خاقان عباسی، بلال کیانی، رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔