موجودہ حکومت کی نااہلی سے روپیہ اپنی قدر کھو رہا ہے، اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی و زیر اسد عمر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی سے روپیہ اپنی قدر کھو رہا ہے،اب اس غلط تجربے کو مکمل طور پر روکنے کا وقت ہے،سیاسی غیریقینی کی صورتِ حال معیشت کو تباہ کررہی ہے،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹ پر ایک بیان میں کیا۔ مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریکِ انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی سے روپیہ بتدریج اپنی قدر کھو رہا ہے۔  نااہل حکمران پاکستانی معیشت کو کھائی میں دھکیل رہے ہیں۔ پاکستانی روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، امریکی ڈالر 215 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا ہے کہ یہ سیاسی غیریقینی کی صورتِ حال معیشت کو تباہ کررہی ہے۔ عوام اس صورتِ حال سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں،  اب اس غلط تجربے کو مکمل طور پر روکنے کا وقت ہے۔ مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ ناقص فیصلوں پر پاکستان کو اب مزید نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔