اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدرآصف زرداری،سابق وزیراعظم نواز شریف اور جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا، تینوں رہنمائوں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگی امیدواروں کی شکست کا جائزہ لیا۔
گفتگو کے دوران پنجاب اور مرکز میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق تینوں رہنمائوں نے موقف اختیار کیا کہ بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ عوام نے لیا۔
اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ میں تو شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا۔ تینوں رہنمائوں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا اور طے کیا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا
پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اس حوالے سے مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے اور جلد پی ڈی ایم میںشامل جماعتوں کا سربراہی اجلاس منعقد ہو گا ۔