نیلسن منڈیلا آزادی، امن،سماجی انصاف کے حصول کیلئے جرات اور عزم کی مثال ہیں،صدر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسانی وقار اور مساوات کے غیر معمولی وکیل اور عظیم عالمی رہنما نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن منڈیلا آزادی، امن اور سماجی انصاف کے حصول کیلئے جرات، ہمدردی اور عزم کی مثال ہیں.

صدر عارف علوی نے نیلسن منڈیلا کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ نیلسن منڈیلا ایک بااصول رہنما تھے ، آزادی کیلئے جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار تھے ، انہوں نے ثابت کیا کہ ہم سب میں نسل پرستی، امتیازی سلوک اور عدم مساوات کے خلاف لڑنے کی صلاحیت موجود ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے اپنے ملک میں نسلی امتیاز پر مبنی نظام کے خلاف لڑنے پر 27 سال جیل میں گزارے ، جنوبی افریقہ کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے معافی اور مفاہمت پر زور دیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے اکثریت کے باوجود جنوبی افریقہ کی سفید فام آبادی کو عدم امتیاز کی یقین دہانی کرائی،آئیے نیلسن منڈیلا کی مثال اور وژن سے سبق حاصل کریں، نفرت کے خلاف آواز اٹھائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اپنے ملک اور لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے جمہوری اصولوں کو قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، ہم رواداری، جامع اور جمہوری فیصلہ سازی، اظہار رائے کی آزادی قائم کرنے کا عزم بھی کرتے ہیں ، آج ہم قانون کے سامنے برابری اور سماجی انصاف کے لیے اپنے عہد کی بھی تجدید کرتے ہیں۔