سپریم کورٹ کل تین اہم مقدمات کی سماعت کرے گی


اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ کل (منگل کو)تین اہم مقدمات کی سماعت کرے گی ، عدالتی کاز لسٹ کے مطابق نیب قانون میں ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست، فیصل واڈا نااہلی کیس اور تحریک انصاف کے منحرف ارکان ڈی سیٹ کرنے کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت  19 جولائی کو ہوگی

چیف جسٹس پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب قانون میں حالیہ ترامیم کے خلاف دائر درخواست پر خصوصی بینچ تشکیل دیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ  پر مشتمل تین رکنی بینچ دن ساڑھے بارہ بجے عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا،یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے نیب قانون میں کی گئی ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے،

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے ان چیمبر سماعت میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے کیس اوپن کورٹ میں مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔دوسری طرف  فیصل واڈا کی الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیل پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا جس کے لئے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے فریقین کو نوٹسز جاری کررکھے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا کو الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کی بنا پر نا اہل قرار دیا تھا،

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا، فیصل واوڈا نے اپنی نا اہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔ جبکہ منحرف اراکین کی الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کرے گا پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے ڈی سیٹ کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کررکھی ہے، اپنی اپیل میں منحرف ارکان کا موقف ہے کہ انہوں نے پارٹی کی کسی تحریری ہدایت کی خلاف ورزی نہیں کی، انہیں ڈی سیٹ کیا جانا خلاف آئین ہے اس لیے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔