لاہور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8بجے شروع ہوئی جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، 20 حلقوں میں 45 لاکھ سے زائد ووٹرز کے لیے 3131 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جس میں سے 676 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 1194 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا۔ انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
صوبائی اسمبلی کے 20 حلقوں میں 175 امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہے۔الیکشن کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
لاہور کے حلقے پی پی 167میں پولنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی ۔حلقہ پی پی 167میں پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز پہنچ گئے مگر پولنگ کا عمل وقت پر شروع نہ ہو سکا۔مذکورہ حلقے میں پولنگ کے عملے کے نہ پہنچنے کی وجہ سے پولنگ بروقت شروع نہیں کروائی جا سکی۔
راولپنڈی پی پی 7 کلر سیداں میں وقت پر پولنگ کا آغاز نہ ہو سکا۔کلر سیداں شہر کے مذکورہ حلقے میں ووٹرز پہنچنا شروع ہو گئے، پولنگ آفیسرز بھی موجود تھے تاہم پولنگ ایجنٹ کے نہ پہنچنے کے سبب پولنگ میں تاخیر ہوئی
جھنگ میں انتخابی میدان جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگیا۔پنجاب کے ضمنی الیکشنز کے دوران لڑائی ، خون خرابے اور تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
پی پی 125 جھنگ میں پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا۔اٹھارہ ہزاری میں مخالف امیدواروں کے حمایتیوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسادیئے۔ ڈنڈوں کے وار سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مخالفین نے ایک دوسرے پرلاتوں اور مکوں کا بھی استعمال کیا ۔
پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 52 ہزار سے زائد اہلکار و افسران ڈیوٹی پر مامور رہے۔پنجاب کے 14 اضلاع کی 20 صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولنگ سٹیشنز میں اے کیٹیگری کے 676، بی کیٹیگری کے ایک ہزار 197 اور سی کیٹیگری کے ایک ہزار 258 سٹیشنز شامل کئے گئے اور سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار سے زائد کارکن و امیدواران سے شورٹی بانڈز لئے گئے ۔ خواتین کے پولنگ بوتھوں پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات رہیں جبکہ حساس اضلاع میں اینٹی رائٹ اور ریزور فورس کے اضافی دستے سٹینڈ بائی رہے۔ اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ پرپابندی رہی
شیخوپورہ میں ضمنی الیکشن کے دوران اسلحہ کی برآمدگی پر 3افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او فیصل مختارکے مطابق ناکہ بندی کے دوران مشکوک گاڑی کو روکا گیا۔ جب گاڑی کی تلاشی لی گئی تواس میں سے اسلحہ نکل آیا۔ پولیس نے تین ملزمان کو جدید اسلحہ سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن ڈے پر قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزارت داخلہ میں بھی ضمنی الیکشن کے لیے امن و امان مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ، مانیٹرنگ سیل ناخوشگوار واقعہ پر فوری ریسپانس کے لئے قائم کیا گیا ۔