سعد رفیق کا پاکستان ریلویزاورپی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان ریلویز کی اکانومی کلاس اور پی آئی اے کی اندرون ملک تمام پروازوں پر کرایوں میں 10فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ کمی کا اطلاق  کل سے ہوگا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں خواجہ محمد سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان ریلویز اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے یہ فائدہ اپنے مسافروں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی اکانومی کلاس اور پی آ اے کی اندرون ملک دونوں کلاسز کی تمام پروازوں پر کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔ اس رعایت کا اطلاق اگلے30روز کے لئے ہو گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ واضح رہے کہ ریلویز میں 94فیصد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں جبکہ پی آئی اے میں 90فیصد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں۔ کرایوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن کل جاری کردیا جائے گا۔ ہمارے اس اقدام کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نجی ایئرلائنز کو بھی یہ ہدایت کرے گی کہ وہ اپنے کرایوں میں کمی کریں۔ ہمیں یقین ہے کہ صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز سے رابطہ کرکے ان کے کرایوں میں کمی کے اقدامات بھی کریں گی۔