عمران خان کا بیانیہ عوام کے دلوں میں بس گیا ، شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں بس گیا اور مجھے اس بات پر فخر ہے کہ عمران خان کے بیانیے سے پاکستانیوں کو شعور آیا ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ قوم کو سمجھ آگئی ہے معاشی پالیسیاں اور کام لوگوں کیلئے ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کل کا الیکشن اس ملک کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے اور ملک کی سیاسی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ لوگ سوچ سمجھ کر فیصلے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں اب وفاداریاں تبدیل نہیں کی جاسکتیں کیونکہ منحرف اراکین کو پاکستان تحریک انصاف نے ڈس کوالیفائی کروایا، اس لئے ضروری ہے کہ پہلے استعفیٰ دیں پھر کہیں اور جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کی تبدیلیوں پر مٹھائیاں بانٹی جاتی تھیں لیکن اب رجیم چینج کو لوگ سمجھ چکے ہیں اور پوری دنیا میں لوگوں نے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایک چلتی ہوئی حکومت کو ہٹا کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا لیکن اب پاکستان کو غلامی سے نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بیانیہ ہے پاکستان اور اس کی عوام پہلے باقی سب بعد میں، کل انشااللہ پاکستان تحریک انصاف اکثریت سے جیتے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس ملک میں کچھ طبقے اور ایسی پارٹیز ہیں جو چاہتی ہی نہیں ہیں شفاف انتخابات ہوں، یہ پندرہ پارٹیاں کیوں اکٹھی ہوئی ہیں سب کو پتہ ہے، ،یہ صرف اپنے کیسز ختم کرنے ائے ہیں اور شفاف انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔