ہر چیز کے روز نئے نرخ ہوتے ہیں،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ


کراچی (صباح نیوز) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی محمد شیخ نے کہا ہے کہ ہر چیز کے روز نئے نرخ ہوتے ہیں۔ ہر طبقہ پریشان ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے 2007ء سے دودھ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف زیرسماعت مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

پیر کے روز کسٹمز کراچی نے عدالت میں پیش ہو کر اپنی رپورٹ پیش کی۔ درخواست گزار عرفان عزیز جنہوں نے توہین عدالت کی درخواست کمشنر کراچی کے خلاف دائر کر رکھی ہے کہ وہ عدالتی احکامات کے مطابق دودھ کی قیمتوں کا تعین نہیں کر سکے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کیا آپ کو چارے کی قیمت کا پتہ ہے کہ ہر روز چیزوں کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں،ہرچیز کے روز نئے نرخ ہوتے ہیں، ہرطبقہ پریشان ہے ۔ کمشنر کراچی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 23 ہزار سے زائد گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور اب تک 19 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔ عدالت نے کمشنر کے جواب کے بعد توہین عدالت کے حوالے سے دائر درخواست پر غیرمعینہ مدت تک سماعت ملتوی کر دی۔