چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعت کی جانب سے دھمکیاں ملنے پر فول پروف سیکورٹی مانگ لی


اسلام آباد(صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا نے ایک سیاسی جماعت کے رہنما کی جانب سے متواتردھمکیاں ملنے پر وفاقی حکومت فول پروف سیکیورٹی  مانگ لی۔چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما مجھے اور میری فیملی کو متواتردھمکا رہے ہیں، وفاقی حکومت فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا کو سیاسی جماعت کی جانب سے دھمکیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد انہوں نے وفاقی حکومت سے فول پروف سیکیورٹی کی درخواست کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعت کی دھمکیوں کے حوالے سے وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا ہے۔

سکندرسلطان راجا نے موقف پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو درخواست کی ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما مجھے اور میری فیملی کو متواتردھمکا رہے ہیں، مجھے اور میری فیملی کومکمل سیکورٹی دی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہمیں قانون کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کرے اور اسلام آباد اور لاہوررہائش گاہ پر سیکورٹی دی جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا چیف الیکشن کمشنرسے ٹیلیفونک رابطہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان کا ٹیلیفون پر رابطہ کیا ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ رانا ثناء اللہ نے ضمنی انتخابات کی سکیورٹی کے لئے جائزہ اجلاس وزارت داخلہ میں طلب کر لیا ۔

اجلاس میں وزارت داخلہ، سکیورٹی اداروں کے حکام اور چیف سیکرٹری سندھ بھی برقی رابطے کے ذریعے شریک ہونگے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب رائو اسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمدطاہر رائے،  قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)خالد لطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، ان کو ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کریں۔شہری اپنی شکایات ایف آئی اے رابطہ نمبرز پر بھیجیں؛ شکایات پر بلا تاخیر عملدرآمد کرینگے۔اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ سائبر سپیس میں ہراسگی، کردار کشی، غیراخلاقی مواد اور بلیک میلنگ سے متعلق شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں۔شہری اپنی شکایات ایف آئی اے پورٹل، شکایت نمبر 111345786 یا ایف آئی اے کے کسی بھی دفتر میں درج کرا سکتے ہیں۔