قوم کیلئے بڑا ریلیف، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹرتک کمی کر دی


اسلام آباد(صباح نیوز) قوم کیلئے بڑا ریلیف، وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹرتک کمی کر دی،قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں40 روپے 54 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے،

اطلاق بھی ہو گیا،ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسے کمی سے 236  اور پیٹرول کی نئی قیمت 18 روپے50  پیسے کمی سے 230 روپے24  پیسے ہو گئی،عمران حکومت نے ہماری لئے بارودی سرنگیں بچھائیں،تیل کی قیمتوں میں کمی ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کی گئیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے۔  چند ماہ پہلے حکومت سنبھالی تو ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی، مہنگائی اپنے عروج پر تھی،  اور تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا، جاتے جاتے سابق حکومت نے اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، سابقہ حکومت نے ہماری لئے بارودی سرنگیں بچھا دیں، سابقہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کر دی، تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے خزانے میں پیسے نہیں تھے، یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر قیمتوں میں اضافہ کیا، ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گررہی ہیں، آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے، آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز کاوشوں کے بعد معاہدہ ہو چکا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتا ہے، دعا ہے ہمارا بھی آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں گیس کی قیمتیں بہت کم ہوچکی تھیں نہ صرف اس نے اسپاٹ مارکیٹ سے فائدہ حاصل کیا بلکہ لانگ ٹرم گیس کے معاہدے جو کہ 5 ڈالر فی یونٹ پر ہوسکتے تھے نہ کرکے بدترین غفلت بلکہ مجرمانہ غفلت کا مظاہر کیا، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں اور ہمیں قیمتوں میں کمی کرنے کا موقع ملا ہے اور آپ تک اس کمی کا ایک ایک پیسہ پہنچانے کی سعادت ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو قومیں تباہ ہوگئیں تھیں انہوں نے مشکل وقت گزار اور آج وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آسمان تک پہنچ گئیں ہیں، ہم بھی اگر شبانہ روز محنت کریں تو انشا اللہ مسائل حل ہوجائیں گے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو درست سمت میں تیزی سے لے کر جارہی ہے، آپ یقین رکھیں کہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔ وزیراعظم نے پیٹرولی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی مد میں 40 روپے 54 پیسے ، پیٹرول کی مد میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹرکمی کی جارہی ہے۔ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسے کمی کے بعد 236 روپے لیٹر ہوگئی ہے جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 18 روپے 50  پیسے کمی سے 230 روپے24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔