چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس،ضمنی انتخابات کے حوالے سے افسران کو ہدایات جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس،ضمنی انتخابات کے حوالے سے افسران کو ہدایات جاری ،سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد اور ووٹروں کو پرامن ماحول کی فراہمی الیکشن کمیشن اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے،حالات خراب کرنے والے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20حلقوں کے پرامن انتخابات کے انعقادکے لئے افسران کو ہدایات جاری کی گئی،پولنگ کے روز کوئی شر پسند عناصر الیکشن کے ماحول کو خراب کرے  یا خراب کرنا چاہے  تو قانون نافذکرنے والے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیا جائے، حالات خراب کرنے والے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے  چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران سے ذاتی طور پر ٹیلی فون پر بات کی،  چیف الیکشن کمشنر  نے انتظامی افسران کوانتخابات کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی حلقے میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش  ممنوع ہے  اور کسی شخص، امیدوار  یا پارٹی کے کارکنان کو اسلحے کے نمائش کی اجازت نہیں ہے کسی دوسرے ضلع یا صوبے سے  اسلحہ برادر شخص کو صوبہ پنجاب میں  داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ اگر کوئی امیدوار اسلحہ  بردار اکٹھے کرتا ہے اور اس کو اپنی سیاسی مہم  یا الیکشن کے دوران استعمال کرتاہے  تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ کیس الیکشن کمیشن میں بھیجا جائے تاکہ ایسے امیدوار کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے ۔ اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد اور الیکشن کے دوران ووٹروں کو پرامن  ماحول کی فراہمی الیکشن کمیشن اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے،  اس ذمہ داری کو تمام ادارے قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

الیکشن کمیشن کا لاہور سمیت مختلف حلقوں میں مسلح افراد کی موجودگی کا نوٹس

 الیکشن کمیشن کا لاہور سمیت مختلف حلقوں میں مسلح افراد کی موجودگی کا نوٹس ،مسلح افراد ضمنی الیکشن کے عمل پر اثر انداز  ہو کر تشدد کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے شرپسندوں کوحلقوں میں داخل ہونے سے روکیں اور فوری گرفتار کریں،الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پولیس پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا۔  ایڈیشنل ڈی جی الیکشن شاہد اقبال نے لاہور سمیت مختلف حلقوں میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاعات پر چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پولیس پنجاب کو مراسلہ لکھا ہے،

خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مشاہدے میں آیا ہے کہ لاہور سمیت مختلف حلقوں میں مسلح افراد کی موجودگی ہے ، مسلح افراد ضمنی  الیکشن کے عمل پر اثر انداز  ہو کر تشدد کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں، یہ اطلاعات ہیں کہ اہم شخصیات دوسرے صوبوں اور علاقوں سے شر پسند عناصر کو لا رہی ہیں تاکہ الیکشن کے دن تشدد اور ہراسگی کی جائے ۔ ان مجرمانہ کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مسلح افراد کی موجودگی ووٹرز اور پرامن انتخابات کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے،  صوبائی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسی مجرمانہ کاروئیوں کا ادراک کریں۔  مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے شرپسندوں کو فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے حلقوں  میں داخلے کو فوری روکا جائے۔