عمران خان پہلا سیاستدان جسے سپریم کورٹ نے آئین شکن اور جھوٹا قرار دیا، مریم نواز


کہوٹہ(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پہلا سیاستدان ہے جس کو سپریم کورٹ نے کہا یہ جھوٹا اور آئین شکن ہے، آئین توڑنے والوں پر غداری کے مقدمے چلنے چاہئیں اور ایسی سزا ملنی چاہیے کوئی آئین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔ مسلم لیگ ن نے کسی کو سازش کے ذریعے باہر نہیں کیا، ڈرتے کیوں ہو؟آومیدان میں اور مقابلہ کرو شیر کے ساتھ، کہتا ہے مسٹر ایکس اور مسٹر وائی بیٹھ کر دھاندلی کر رہا ہے،سپریم کورٹ نے فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا،مبارک ہو عمران خان تم پاکستان کے پہلے سیاست دان ہو جس نے آمر کو بھی مات دی،عمران خان پاکستان میں جو بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، ان کو مسلم لیگ ن نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹاکر پاکستان کو بچایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مشکل فیصلے جو کرنے پڑے وہ کیے، دل پر پتھر رکھ کر کیے، عمران خان پاکستان میں  بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا،   مسلم لیگ ن نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹاکر پاکستان کو بچایا ہے۔  مشکل دور ختم ہوا، ان شااللہ آنے والے دن اچھی سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے ، یہ عوام ہماری ذمہ داری ہیں، وہ جو کہتے تھے ہم آلو، پیاز کے ریٹ معلوم کرنے نہیں آئے، آج کل اپنی تقریروں میں دھنیا اور پودینے کا ریٹ بھی بتاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا  تاریخی فیصلہ آیا ہے، اس میں فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان کے 75 سال میں یہ پہلا سیاست دان ہے، جس کو سپریم کورٹ نے کہا یہ جھوٹا بھی ہے اور آئین شکن بھی ہے۔  سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ پاکستان کا آئین توڑنے کا مرتکب ہوا ہے تو مبارک ہو عمران خان تم پاکستان کے پہلے سیاست دان ہو جس نے آمر کو بھی مات دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے کہتی ہوں کہ پاکستان کے مقدس آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، غداری کے مقدمے چلنے چاہیئں،  انھوں نے پاکستان کے آئین کو اپنے پاں تلے روندا ہے، اس لیے ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے کہ پھر کسی کو آئین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اس کے سازش والے بیانیے کو بھی اڑا کر رکھ دیا، اس نے قوم اور پاکستان سے جھوٹ بولا کہ امریکا نے اس کے خلاف سازش کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ کے ایک جج نے لکھا کہ اس نے سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا تو اس کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو دیتا ورنہ سازش کا ثبوت پیش کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے بہتر کون سی جگہ ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے  مریم نواز نے کہا کہ اس نے سوچا ہوگا کہ شاید سپریم کورٹ بھی کوئی جلسہ ہے جہاں یہ کھڑا ہو کر جھوٹ بولے گا، الزام عائد کرے گا، بہتان اور گالیاں دے گا لیکن وہاں ثبوت دینا پڑتا ہے۔ سپریم کورٹ نے صرف عمران خان کے سازشی بیانیے کو تباہ نہیں کیا آئین شکنی کو نہیں پہچانا بلکہ ثاقب نثار کے جھوٹے صادق اور امین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اب رونا شروع ہوگیا کہ دھاندلی ہو رہی ہے، جو شخص اپنی حکومت اور سیم پیج ہوتے ہوئے مسلم لیگ ن سے سارے ضمنی انتخابات ہار گیا وہ کہتا ہے دھاندلی ہو رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی کیا ہوتی ہے عمران خان سے زیادہ کون جانتا ہے کیونکہ وہ دھاندلی کا موجد اور بانی ہیں، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے جب الیکشن سے پہلے پارٹی کے سربراہ کو نااہل کرکے جیل میں بند کردو، نواز شریف کو نااہل کرکے جیل بھیج دیا لیکن عمران خان تو سرعام دندناتے پھر رہا ہے کیا کسی نے جیل میں بند کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی وہ ہوتی ہے باپ کا ساتھ دینے پر بیٹی کو اٹھا کر جیل میں پھینک دو،  عمران خان کے بچے تو آرام سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی تقریروں پر پابندی لگا دو لیکن عمران خان تو روز تین،تین دفعہ قوم کا مغز کھاتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ دباو ڈال کر اور تھپڑ مار کر نواز شریف کے اراکین کو یا تو نااہل کرایا یا کہا مسلم لیگ  ن کا ٹکٹ واپس کردو ورنہ چھوڑیں گے نہیں، عمران خان کے سارے امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ ن نے کسی کو سازش کرکے باہر نہیں کیا۔  مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہہ رہا ہے مسٹرایکس اور مسٹر وائی دھاندلی کر رہے ہیں، اے بی سی شروع کرتا ہے تو ایکس وائی زیڈ سے کرتا ہے، اے بی سی میں جی، پی اور آئی بھی آتا ہے، جی سے گوگی، پی سے پنکی پیرنی اور آئی سے ابراہیم مانیکا بھی ہوتا ہے جو ارب پتی ہے اور مسٹر ایکس عمران خان ان کا سرغنہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نواز شریف کی تصویر ہر جگہ نظر آئے گی اور جس موٹر وے سے عمران خان جلسے میں پہنچے تھے وہ بھی نواز شریف نے بنایا تھا۔