اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ سے تاجروں کے وفد کی ملاقات، تاجر برادری کی مشاورت سے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی،مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے،موجودہ حکومت معاشی ترقی کیلئے موثر اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، وفدکی قیادت اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد شکیل منیر اور راولپنڈی چیمبر کے صدر چوہدری نعیم رووف نے کی۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر)، فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینئر افسران اور کاروباری نمائندوں بھی ملاقات مین موجود تھے۔ تاجر برادری نے نئے وفاقی بجٹ میں مختلف شعبوں پر ٹیکس لگانے سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا، وفد نے مسائل کے حل اور مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کے کردار کو سراہا،مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، موجودہ حکومت معاشی ترقی کیلئے موثر اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری سے مشاورت سے ان کے مسائل کو ترجیحی طور پر حل کریں گے۔ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کیلئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔