کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، منیر اکرم


نیو یارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، جموں وکشمیر کو سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے،وہ دن دور نہیں جب بھارت کا جابرانہ تسلط ختم ہوکر شہداکی قربانیوں سے کشمیری عوام کی آزادی کی صبح طلوع ہو گی۔

منیر اکرم نے یوم شہدا کشمیر کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا کہ طویل عرصہ سے حل طلب مسئلہ کشمیر علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1985میں سلامتی کونسل کی قرار دادوں میں تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کے 1985میں آغاز سے اب تک قابض بھارتی افواج ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں۔پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام یہ دن ان کشمیری شہدا ئکوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مناتے ہیں جنہیں جولائی 1931کو سرینگر سینٹرل جیل کے باہر ڈوگرہ مہاراجہ کی فورسز نے شہید کر دیا تھا۔

کشمیری عوام پر یہ ظلم و ستم گزشتہ 91سال سے جاری ہے بلکہ بھارت نے 5اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے بعد سے کشمیری عوام پر مظالم میں اضافہ کر دیا ہے ۔ سینکڑوں کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل اورہزاروں کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے کئی کودوران حراست لاپتہ کر دیاگیا ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میںکشمیری رہنما ابھی تک نظر بند ہیں جبکہ بنیادی انسانی حقوق سمیت احتجاج کے حقوق اور آزادی اظہار پر بھی قدغن عائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے ذریعے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ حکومت پاکستان کی مکمل یکجہتی ے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کا سفاکانہ تسلط ختم ہو گا اور شہداکی قربانیوں سے کشمیری عوام کی آزادی کی صبح طلوع ہو گی۔