جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق


اسلام آباد(صباح نیوز) جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، راولپنڈی کی نشیبی بستیاں زیر آب آ گئیں،مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔پانی گھروں اور گاڑیوں میں داخل ہونے سے املاک کو شدید نقصان پہنچا، شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی،طغیانی کے خدشے کے باعث پری الرٹ جاری کیا گیا۔

راولپنڈی میں ڈھوک سیداں میں مکان کی دیوار گرنے سے بچہ نالے میں بہہ گیا۔ 3 سالہ ازہان نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔اڈیالہ کے علاقہ کچی پہاڑی پر بارش کے باعث چار کچے گھر متاثر ہوئے اور 12 سالہ بچہ ابو بکر جاں بحق ہوگیا۔ جان کالونی ٹینچ بھاٹہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ضلعی انتظامیہ نے سیلابی پانی میں پھنسے خواتین بچوں اور بزرگوں کو ریسکیو کرنا شروع کردیا ہے۔

راولپنڈی میں برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے اور موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، اسکیم تھری، کار چوک کے قریب نجی ہائوسنگ سوسائٹی، ڈھوک جمعہ، چک جلال دین، گرجا روڈ،کمال آباد میں 5 سے 10 فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔پارکنگ میں موجود درجنوں گاڑیاں ناکارہ ہوچکی ہیں، گھروں میں داخل ہونے والے پانی سے املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، چک جلال دین کا رابطہ پل ڈوبنے سے شہری ایک جگہ محصور ہوکر رہ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اولڈ ایئرپورٹ پورٹ پر 140 ملی میٹر، سید پور میں 74 ، بوکڑہ میں 59، گولڑہ میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش چکلالہ میں 86 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اسلام آباد سید پور گائوں میں74ملی میٹر بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح 13فٹ تک بلند ہوئی، واسا حکام کا کہنا تھا کہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔