ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران صاحب کا ماتم شروع ہو گیا ،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب لاڈلا بننے کی کوشش میں قانون اورضابطے کے سامنے سرجھکانے کو تیار نہیں۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان خود کو قانون سمجھتے ہیں اوراپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے۔عمران صاحب ووٹ چور ہیں ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران صاحب کا ماتم شروع ہو گیا ہے۔الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے عمران خان کا نشانہ ہے۔ عمران خان اوران کی جماعت اقتدار کی طرح آج بھی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں اورگالیاں دے رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں بھی دیتے ہیں اور درخواستیں بھی دے رہے ہیں۔الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر کے انتخابات میں مہم چلائی تھی۔ ان کے وزرا ء الیکشن مہم میں پیسے تقسیم کرتے، ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے اور دھاندلی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ قانون کا احترام یہ ہوتا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کو الیکشن کمیشن نے حکم دیا تو انہوں نے دورہ منسوخ کردیا۔ مسلم لیگ ن قانون، انتخابی ضابطوں اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے آگے سر جھکاتی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن )کے وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کی پاسداری کے احترام میں استعفے دئیے۔