کشمیری عوام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، سردار تنویر الیاس خان


مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آج عید الاضحی کے مقدس دن اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہوں کہ جس طرح اس نے حضرت ابراہیم کو ان کی قربانی قبول کرکے سرخرو کیااسی طرح کشمیریوں کو بھی ان کی قربانیوں کا صلہ عطا فرمائے۔ کشمیری عوام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ بھارتی جبر و استبدد، بندشوں، کرفیو اور بندوقوں کے سائے میں کلمہ حق کہنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

عید الاضحی کے مقدس دن کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے۔کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے آگے اپنی تیسری نسل قربان کر چکے ہیں اور گزشتہ 03 سال سے مسلسل بھارتی فوجی محاصرے میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیدنا ابراہیم نے اپنے طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتایا کہ قربانی اپنے آپ کو اعلی انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے۔

کشمیری عوام حضرت ابراہیم کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں۔بھارت کشمیریوں کی تاریخ اور ان کے تشخص کو مٹانے کیلئے کشمیریوں کاسفاکیت کا نشانہ بنارہا ہے۔کشمیریوں کو نماز کی ادائیگی تک کی اجازت نہیں۔ جتنی قربانیاں کشمیری عوام نے اپنے حق کیلئے دیں اس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ آج کے مقدس دن کے موقع پر عالم اسلام کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جانب مبذول کرواناچاہتا ہوں اور عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں کہ اللہ رب العزت ان کی قربانیوں کے صدقے انہیں جلد کامیابی نصیب فرمائے۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ کشمیری عوام سچے جذبے اور قوت ایمانی کے ساتھ اپنے مقصد کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، انشا اللہ جلد اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ بڑے مقاصد کی تکمیل اور اس دنیا کو دکھوں سے پاک کرنے کے لئے اپنی پیاری اشیا حتی کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز بیٹے، بھائی، بہنیں اور بچے عظیم مقدس کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آج کے دن حریت قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی۔ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی کرتی رہے گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی وجہ سے عید سادگی سے منائیں اور اپنے ارد گرد مستحقین کا خاص خیال رکھیں۔