اپنے اختلافات، نفرتوں اور رنجشوں کی بھی قربانی دینی ہوگی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد


اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ  پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم  کی  عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کے حکم کے آگے  سر تسلیم خم کرتے ہوئے اپنے فرزند کو  اللہ تعالی کی راہ میں قربان کرنے کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدِ قرباں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے۔ یہ بابرکت موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنے ذاتی مفادت، اختلافات اور خواہشات کو پسِ پشت رکھ کر صرف اور صرف اللہ کی رضا اور اس کے احکامات کی بجاآوری ہی ہمارا اولین فرض ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے  پر مسرت موقع  پر مسلم امہ خصوصا پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو اتوار کو پورے ملک میں نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے حجاج کرام کو حج اکبر کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ربِ کریم کے شکر گزار ہیں کہ اس نے کرونا کی  جان لیوا وبا  پر قابو پانے میں ہماری مدد فرمائی   جس کے باعث دو سال بعد پاکستانیوں و دنیا بھر کے مسلمانوں کو  اسلام کے اہم رکن حج کی  ادائیگی  کی سعادت نصیب ہوسکی۔

اسپیکر نے کہا کہ حضرت ابراہیم  نے جس طرح اللہ تعالی کے حکم کو بجا لاتے ہوئے قربانی کی عظیم مثال قائم کی ہمیں بھی ان کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے اپنے دین کی سربلندی  کے لیے قربانی دینے سے دریع نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قول و فعل کے ذریعے ہم معاشرے میں برداشت ، امن و امان، بھائی چارے   اور باہمی اتحاد کی مثال قائم کرسکتے ہیں  تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو بہترین مستقبل فراہم کر سکیں۔ اسپیکر نے کہا کہ   پاکستان کا حصول ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کی بے مثال قربانیوں سے ملنے والے اس وطنِ عزیز کی حفاظت کی ذمہ داری  اس ملک میں رہنے والے ہر فرد پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے اختلافات کو بھلا کر یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا۔ اس پاک موقع پر ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ ملک کی سالمیت، عزت اور وقار کو کسی صورت کم نہیں ہونے دیں گے اور اس  کی ترقی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہیں گے۔اسپیکر نے کہا کہ ہمیں عید کے پر مسرت موقع پر اپنے اردگرد موجود نادار و مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے تاکہ ان کی زندگیوں میں بھی خوشی کے رنگ بھرے جاسکیں۔ اسپیکر نے ملک میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنیکی  ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ قربانی کی ادائیگی کے بعد صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ وطنِ عزیز کی خوبصورتی و رونقوں میں کسی قسم کی کمی نہ آسکے۔

اسپیکر نے کہا کہ تمام مسلمان پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کے بھائیوں کو  خصوصی دعاوں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے اللہ پاک سے دعا کی کہ تمام مسلمانوں کی عبادات و قربانیوں کو اپنی بارگاہ الہی میں قبول و منظور فرمائے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ  عید کی خوشیوں میں  ہمیں غربا اور مساکین کو نہیں بھولنا چاہیے اور بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرنے چایئے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے پیغام پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہمیں نا صرف مویشیوں  بلکہ اپنے اختلافات، نفرتوں  اور رنجشوں کی بھی قربانی دینی ہوگی اور یکجا ہوکر ایک قوم بن کر ملک و قوم پر آنے والی ہر مصیبت سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے وطنِ عزیز  کی ترقی و خوشحالی کو اپنی خصوصی دعاوں میں شامل کرنے کا  کہا۔