صدر، وزیر اعظم اورسیاسی،سماجی شخصیات کا سابق سینیٹر کرنل ریٹائرڈ سید طاہر حسین مشہدی کے انتقال پر اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف  نے سابق سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما کرنل(ر) طاہر حسین مشہدی کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،

اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ کرنل(ر) طاہر حسین مشہدی کی ملک و قوم کے لئے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی ،انہوں نے کہاکہ طاہر حسین مشہدی مختلف موضوعات پر کھل کر اپنا موقف بیان کرتے تھے ،وزیراعظم نے دعاء  کی کہاللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین

 چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق سینیٹر کرنل ریٹائرڈ سید طاہر حسین مشہدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحوم طاہر حسین مشہدی ایک مدبر سیاستدان تھے ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ملک میں جمہوریت کے فروغ اور ایوان بالاء  میں قانون سازی کے حوالے سے مرحوم سینیٹر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اللہ تبارک تعالیٰ سے دعا کہ مرحوم سینیٹرکی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی ،قائد ایوان سینیٹ سینیٹراعظم نذیر تارڑ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مرحوم سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انھوں نے سابق سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے انتقال پر اہل خانہ کے ساتھ اظہار افسوس اور دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔