اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بڑی صلاحیت اور اہلیت موجود ہے ، کورونا اللہ تعالیٰ کی ایک آزمائش ہے ، پاکستان کی ترقی کو اب کوئی نہیں روک سکتا، معاشرے کے محروم اور نظرانداز طبقات کیلئے کام کررہے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں آئی ٹی اور آن لائن تعلیم کا فروغ ہی ترقی کا راستہ ہے ۔یکساں نصاب کے ساتھ تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔ حکومت صحت کے شعب میں بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کیلئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مسائل بڑھنے کی بنیادی وجہ آبادی کا بڑھنا ہے اس پر قابو پانا ہوگا ۔ آبادی میں اضافہ ملک میں بڑھتے ہوئے مسائل کا پیش خیمہ ہے ۔ صدرمملکت نے کہاکہ فیک نیوز ایک سرطان بن چکا ہے ۔ احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ فیک نیوز کی اصل جڑ بھارت ہے وہ اپنے ملک کو خود ہی آگ لگارہے ہیں ۔سوشل میڈیا پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی لیکن چھلنی لگانا ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں صدرمملکت نے کہاکہ افغان عبوری حکومت لڑکیوں کی تعلیم کا اہتمام کررہی ہے۔ افغانستان میں ایک وسیع البنیاد حکومت ہونی چاہیے۔ افغانستان انسانی بنیادوں پر امداد کیلئے عالمی برادری ذمہ داری پوری کرے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ بھارت میں کوئی بھی مسئلہ ہو الزام پاکستان پر آجاتا ہے ۔ کشمیری اپنی آزادی کیلئے پرعزم ہیں۔ 70 برس گزرنے پر بھی کشمیری قوم بھارت کے خلاف کھڑی ہے وہ دن ضرور آئے گا اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو آزادی سے ہمکنار کردے گا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مظالم پردنیا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال ہے۔ نریندر مودی کے بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہندوستان میں پڑھے لکھے طبقے کو ہوش میں آنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو بتایا کہ نفرتوں کی فضا ختم کرو۔ دنیا میں انسانی اقدار کے راج کو واپس لانے کی ضرورت ہے۔ عالمی حدت کے مسئلے پر دنیا کو تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ صدر نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان کے بھارت کو ہرانے پر بہت خوشی ہے۔