اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں مسلسل اضافہ قابلِ تشویش ہے، حکومت آئی ایم ایف کا قرضہ حاصل کرنے کے لیے ملک و عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔
سینیٹر شیری رحمن نے جار ی ایک بیان میں کہا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں اکتوبر میں 1 اعشاریہ 6 بلین ڈالرز کا اضافہ ہوا، یہ جی ڈی پی کا 4 اعشاریہ 7 فیصد ہے جبکہ ہدف کی حد 2 سے 3 فیصد ہونی چاہیئے۔
شیری رحمن نے کہا کہ کیڈ میں اضافہ بڑھتی ہوئی درآمدات اور برآمدات میں عدم توازن کی وجہ سے ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ شرحِ سود میں 150 بیسز پوائنٹس کا اضافہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا، حکومت آئی ایم ایف کا قرضہ حاصل کرنے کے لیے ملک و عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ منفی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت دن بدن تباہ ہو رہی ہے۔