منشیات کا جڑ سے خاتمہ محفوظ ، صحت مند معاشرے کے فروغ کیلئے موثر اقدام ہے:وزیراعظم


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ملکر کام کررہا ہے۔

منشیات اور اسکی سمگلنگ کی روک تھام کے آج عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان منشیات کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ معاہدوں پر دستخط کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیمیائی طورپر تیار کردہ منشیات کی آسان دستیابی خصوصا نوجوانوں کیلئے خطرہ ہے جو پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصد سے زائد حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں منشیات کے نقصانات سے نوجوانوں اور ان کی صحت کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے ملکر کام کرنا چاہے۔وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کی برائی کا جڑ سے خاتمہ محفوظ اور صحت مند معاشرے کے فروغ کیلئے موثر اقدام ہے