آرٹیکل 63 اے کی تشریح پرنظرثانی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر


اسلام آباد(صباح نیوز)آرٹیکل 63 اے کی تشریح پرنظرثانی کے لیے سپریم کورٹ بار نے عدالتِ عظمی میں درخواست دائرکردی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کے معاملے میں نظرثانی کیلئے سپریم کورٹ بارنے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق 17 مئی کی عدالتی رائے پر نظرثانی کی جائے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہ کرنے سے متعلق پیراگراف میں نظرثانی کرکے رائے واپس لی جائے۔

درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ کا منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہ کرنے کی رائے خلاف آئین ہے، سپریم کورٹ کی رائے آئین میں مداخلت کے مترادف ہے۔

سپریم کورٹ بار نے درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا کہ آرٹیکل 63 اے کے مطابق منحرف ارکان صرف ڈی سیٹ ہوں گے۔درخواست میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔

سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہ کرنے کی رائے دی تھی۔