شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی ۔

نیب کے وکیل نے منی لانڈرنگ کیس میں مزید گرفتاریوں کا انکشاف کر دیا۔جمعہ کولاہور کی احتساب عدالت میںمنی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت شروع ہوئی تو حمزہ شہباز اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

شہباز شریف کے وکیل نے دلائل دیئے کہ شہباز شریف آج بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہیں، شہباز شریف کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ عدالت نے شہباز شریف کی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں ایک اور ملزم گرفتار ہوا ہے، اس کی حد تک تفتیش ہونی ہے۔

نیب کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ابھی تو اس کیس میں چار سے پانچ مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ 25 نومبر سے 6 دسمبر تک میں انگلینڈ جا رہا ہوں، اس کی بعد کی کوئی تاریخ دے دیں۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ آج کل ویسے انگلینڈ جانا خطرناک ہے، جس پر عدالت میں قہقہہ لگا۔