رانا شمیم کا بیان حلفی سنجیدہ معاملہ ہے،انکوائری ہونی چاہیے، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم و(ن) لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بیان حلفی میں جن لوگوں کے نام ہیں ان سے سوال ہونے چاہئیں ، رانا شمیم کا بیان حلفی سنجیدہ معاملہ ہے، انکوائری ہونی چاہیے، زندگی میں ایک ہی چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات ہوئی تھی  ملاقات پر افسوس ہے ۔ مجھے نہیں لگتا پاکستان میں کبھی ای وی ایم پر الیکشن ہوں گے الیکشن سنجیدہ معاملہ ہے الیکشن پر ہی ملک ٹوٹا تھا تماشے نہ لگائیں ۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اصغر خان کیس میں بیان حلفی سنجیدہ معاملہ نہیں تھا جبکہ رانا شمیم کا بیان حلفی سنجیدہ معاملہ ہے اس کی تحقیق ہونی چاہیے ۔ رانا شمیم کے بیان حلفی کو تاریخ کی نذر کرنا ہے تو کریں۔رانا شمیم جھوٹ بول رہے ہیں یا ثاقب نثار اس کی ضرورانکوائری ہونی چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

انہوں نے کہاکہ رانا شمیم کی نواز شریف سے ملاقات ہوئی یا نہیں یاد نہیں پڑتا۔ جج صاحب پاکستان میں نہیں  تھے تو بیرون ملک بھی بات ہوسکتی ہے۔ رانا شمیم نے فراڈ کیا ہے تو  اس پر کیس کردیں مگر تحقیقات تو کریں ہوسکتا ہے  چیف جسٹس کی اس وقت رجسٹرار سے بات ہوئی ہو۔ ہوسکتا ہے رانا شمیم نواز شریف سے ملے اور کہا میرے ضمیر پر بوجھ ہے ۔ ہوسکتا ہے میاں صاحب نے کہا ہو۔ بیان نوٹری کرکے دے دیں کیا نواز شریف سے رانا شمیم نے ملاقات کی تو کوئی جرم کیا ہے؟ ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ثاقب نثار سے کیوں ملاقات ہوئی تھی بات نہیں کرنا چاہتا ملاقات خود کی تھی یا کسی کے کہنے پر کی تھی یہ بھی نہیں بتانا چاہتا۔ نہیں لگتا کبھی پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر انتخابات ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ای وی ایم فرسودہ نظام ہے تو پھر استعمال نہیں ہوگا۔ الیکشن جہاں چوری ہوں نظام چھیڑیں گے تو مزید شکوک پیدا ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اوورسیز کو ووٹ کا حق پہلے سے ہی  حاصل ہے اوورسیز کو انٹرنیٹ ووٹنگ کا جوحق دے رہے ہیں ہمیں بھی دیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو مخصوص نشستیں دینی چاہئیں۔