اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ایک بار پھر کہتاہوں عدالت کی بجائے اسپیکر آفس آئیں اصلاحات کیلئے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)کے نظام کو پہلے صرف سمجھیں آپ کے تمام خدشات دور کریں گے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر پیچھے نہیں ہٹ سکتے یہ ہمارا انتخابی وعدہ تھا۔ ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف زرداری فیملی سیاست قصہ پارینہ ہے، اب اپوزیشن میں بھی نئے کھلاڑیوں کی باری ہے، اگلے دو سال پاکستان کی تاریخ کے اگلے دو عشروں کی سیاست طے کریں گے، 1990 کی دھائی کی سیاست کا مکمل اختتام اگلے دو سالوں میں طے ہے۔جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آپ پارلیمان کے چند پڑھے لکھے لوگوں سے ہیں اور اوپر سے وکیل انٹرنیشنل لا پر آپ کی دسترس سے بھی انکار نہیں ایسی باتیں وہ کرتے ہیں جن کو تنقید کا ہنر نہ آتا ہو آپ جیسے لوگ بھی تک بازی پر آ جائیں گے تو عقل کی تنقید کون کرے گا؟واضح رہے کہ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایبسولوٹلی ناٹ کہنے والے وزیراعظم نے آج کلبھوشن کو NRO اور ملک کی معاشی خودمختاری مکمل طور پر اغیار کے قدموں میں رکھ دی۔