عوام اوراوورسیز پاکستانیوں کو اہم قانون سازی پر مبارکباد دیتا ہوں۔چوہدری فواد حسین


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل منظور ہونے سے آزادانہ و منصفانہ انتخابات کی جو بنیاد رکھی تھی اب اس کی تکمیل ہوگئی ہے۔ عوام اوراوورسیز پاکستانیوں کو اہم قانون سازی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ متعلقہ بل کی منظوری سے 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق مل گیا ہے۔ پوری کوشش کی کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے اتفاق رائے ہو جائے مگر بدقسمتی  سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا ۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ تحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کرنے والوں کی آنکھیں  کھل جانی چاہئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج کے مشترکہ اجلاس میں جتنے قوانین منظور ہوئے ہیں شاید پارلیمانی  تاریخ میں پہلے اتنے کبھی منظور نہ ہوئے ہوں ۔ میں پاکستان کے عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد بیرون ملک مقیم تقریباً90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ استعمال کرنے کی سہولت کا قانون  منظور ہوا ہے اس کی منظوری سے ووٹنگ کا پرانا نظام ختم ہوگیا ہے آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے ہم نے تقریباً ڈیڑھ سال اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کی اتفاق رائے کیلئے وزیراعظم اسپیکر قومی اسمبلی وزراء نے پوری کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کے منفی رویے کی وجہ سے بالآخر ہمیں یہ قانون اکیلے ہی  پاس کرنے پڑے۔ نواز شریف اینڈ کمپنی نے اپنی ساری زندگی کرکٹ بھی اپنے امپائروں کے بغیر نہیں کھیلی ان اہم معاملات میں اپوزیشن کو آج ہونے والی شکست طویل عرصہ یاد رہے گی ۔ ہم نے اپوزیشن کو اس پر بات کرنے کی بار بار پیشکش کی مگر ہر بار انہوں نے ہماری اس آفر کو جھٹلایا۔ الحمد اللہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف  اس ملک کی سب سے بڑی ملک گیر جماعت ہے۔ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں 223 ووٹ نمایاں  کیے اور اس کے مقابلے میں اپوزیشن بہت کم ووٹ ظاہر کرسکی ۔ صرف قومی اسمبلی میں ہی نہیں سینیٹ میں بھی حکومت کو برتری حاصل ہے آج ان کی بھی آنکھیں کھل گئی ہیں جو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا خواب دیکھ رہے تھے ان کو پتہ چل گیا ہوگا کہ اصل میں ان کی سیاسی حیثیت کیا ہے اور وہ کہاں کھڑے ہیں آج نہایت ہی اچھی قانون سازی ہوئی ہے انسداد ریپ  میں ترامیم لائی گئی ہیں ۔ عورتوں اور بچوں سے ریپ مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی عدالتیں  ،خصوصی تحقیقاتی سیل قائم کیے جائیں گے تقریباً 70 کے قریب قوانین پاس کیے جارہے ہیں اس وقت سیاسی بونوں کا اتحاد ہے جو ایک ہفتہ اداروں کے خلاف بات کرتے ہیں اور ایک ہفتہ ان کے حق میں بات کرتے ہیں۔ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی تقریریں ایک شکست خردہ پہلوانوں کی تھیں۔ یہ سب مایوسی کے عالم میں ہیں انشاء اللہ آئندہ  ان کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہوگا آج تحریک انصاف نے جس قسم کے قوانین کی بنیاد رکھی ہے وہ پاکستان کے شہریوں کیلئے  ہمیشہ کیلئے مفید ہوگی۔ ہم نے آزادانہ اور منصفانہ  انتخابات کی جو بنیاد رکھی ہے آج اسے مکمل کیا ہے۔ اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہے تمام سیاسی بونے ہیں مارشل لاء کی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی ہے۔ وزیراعظم اور تحریک انصاف نے ہمیشہ اتفاق رائے  کی بات کی ہے۔ ہم  ایک بار پھر اپوزیشن سے کہتے ہیں کہ وہ اپنی ضد چھوڑے  آپ ہمیں  ہرا نہیں سکیں گے جس طرح آپ نے پہلے ہمیں نکالنے کیلئے پورا زور لگایا مگر ناکام ہوئے یہ تھکے ہوئے پہلوانوں کا کام نہیں ہے آپ اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کریں ہمارے ساتھ بیٹھیں اور جو قوانین قومی مفاد میں ہیں ان کو لے کر آگے  بڑھنے کیلئے ہم آج بھی تیار ہیں۔ حکومت کے اتحادی سیسہ پلائی دیوار کی طرح وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔