منحرف رکن پنجاب اسمبلی عائشہ نواز نے الیکشن کمیشن کے ڈی سیٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن پنجاب اسمبلی عائشہ نواز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈی سیٹ کرنے کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کر لیا۔

عائشہ نواز سے عدالت عظمیٰ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ کالعدم قراردے کر انہیں بطور رکن پنجاب اسمبلی بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔ عائشہ نواز کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلوں میں طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی کی۔درخواست میں مئوقف اختیار ر کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کے خلاف ہے۔پارٹی سربراہ کا ڈکلیئریشن قانون کے مطابق نہیں۔

الیکشن کمیشن فیصلے میں پارٹی سربراہ اور پارلیمانی سربراہ کے عہدوں میں تفریق نہیں کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے قانون کے مطابق شوکاز نوٹس جاری نہیں کئے گئے۔ گزشتہ تاریخوں سے شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔

پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی کو پارٹی سربراہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ووٹنگ کے حوالہ سے کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ ریفرنس دائر کرنے والے شخص نے اپنی الیکشن میں ہار کی وجہ سے ریفرنس دائر کئے۔