سینیٹر مشتاق احمد خان نے اسرائیلی دورے پر جانے والے پاکستانیوں کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد نے مبینہ طورپر اسرائیل کے دورے پر جانے والے پاکستانیوں کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیاجبکہ سینیٹ  کے اجلاس میں اسرائیل جانے والے صحافی کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نقطہ اعتراض  پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو پاکستانی اسرائیل کے دورے پر گئے اس پر ایوان میں اعتماد میں لیا جائے، احمد قریشی جو پاک فوج کے ادارے کے پروجیکٹ پر کام کرتے ہیں وہ بھی اسرائیل گئے ہیں، جو بھی اسرائیل گئے ہیں ان کی شہریت ختم کی جائے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم اخباری خبر پر کوئی بات نہیں کرسکتے، میں وزارت خارجہ سے کنفرم کرکے ایوان کو آگاہ کروں گا۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر واضح لکھا ہے کہ آپ اس پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں کرسکتے، امپورٹڈ حکومت امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی پر لگے ہوئے ہیں، اور پی ٹی وی کا ایک ملازم احمد قریشی بھی اسرائیل گیا ہے۔