اسلام آباد کوپی ٹی آئی کا ناچ گھر نہیں بننے دیں گے ،سعد رفیق


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد کوپی ٹی آئی کا ناچ گھر نہیں بننے دیں گے، جلسوں کی اجازت انتظامیہ دیتی ہے، عدلیہ نہیں، عدلیہ کوانتظامیہ بنانے یا سیاست کیلئے عدلیہ کا فورم استعمال کرنے سے گریزکیاجائے۔ پاکستان تحریک انصاف کوجلسے کرنے کی کھلی چھٹی ہے مگرگھیرا ئو،جلائو،لاک ڈاؤن،سڑکیں بندکرنے ،خونی لانگ مارچ اوراسلام آباد کا گھیراؤکرنے کی نہیں۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے آج  ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دوسروں کو چوہا کہنے والا گرگٹ اب اسلام آباد کے گھیرائو کیلئے عدالتی تحفظ چاہتا ہے۔ ایمپائرسے مل کرمیچ جیتنے کا وقت گزرگیا۔ سیاسی جنگ کا فیصلہ اسمبلی میں ہوگا یا گلیوں میں ،عدالت میں نہیں۔جوبھی حد کراس کرے، آئین قانون اورانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خطرے کی بو پا کر سانپ بِل میں جا چھپتا اورخطرہ ٹلنے کا یقین ہونے کے بعد پھر سے ڈسنے اور شکار کرنے کیلئے بِل سے نکلتا ہے، ہوشیار باش لانگ مارچ کے ادھ موئے سانپ سستانے اور سازش کا زہرپھیلانے کے لیے پھر سے نکلیں گے، انکا زہرنکالنا ضروری ہے تاکہ کسی کو ڈسنے کے قابل نہ رہیں۔